ملنگی گینگ کے تین ارکان گرفتار، نقدی،چوری شدہ تاریں اور وارداتوں میں استعمال ہونے والے آلات برآمد

ملنگی گینگ کے تین ارکان گرفتار، نقدی،چوری شدہ تاریں اور وارداتوں میں استعمال ہونے والے آلات برآمد
راولپنڈی:(سید شاہد وحید ہاشمی)تھانہ دھمیال پولیس نے چوری اور نقب زنی کی متعدد وارداتوں میں ملوث ملنگی گینگ کے تین مبینہ ارکان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے 30 ہزار روپے نقدی، ہزاروں روپے مالیت کی چوری شدہ تاریں اور وارداتوں میں استعمال ہونے والے مختلف آلات بھی برآمد کر لیے گئے ہیں۔پولیس کے مطابق کارروائی ایس ایچ او تھانہ دھمیال انسپکٹر عاقب رزاق کی سربراہی میں کی گئی، جبکہ سب انسپکٹر ملک نعمان محمود اور دیگر اہلکار بھی ٹیم کا حصہ تھے۔ گرفتار ملزمان کی شناخت ظفر حسین عرف ملنگی، عبدالصمد اور فیضان کے ناموں سے ہوئی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف مقدمات کی تفتیش جاری ہے اور انہیں ٹھوس شواہد کے ساتھ عدالت میں چالان کیا جائے گا تاکہ قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔پولیس حکام نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔