ٹریفک وارڈن محمد فاروق کلیار نے اردو ادب میں پی ایچ ڈی مکمل کر لی

راولپنڈی (اسٹاف رپورٹر) سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی کے سب انسپکٹر محمد فاروق کلیار نے نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز (NUML) سے اردو زبان و ادب میں پی ایچ ڈی کا کامیابی سے دفاع کرتے ہوئے ڈگری مکمل کر لی۔
ڈاکٹر محمد فاروق کلیار کے تحقیقی مقالے کا عنوان "فکشن اور سماج: معاصر اردو افسانے میں صنفی امتیازات کا اقوام متحدہ کے پائیدار ترقیاتی اہداف (SDGs) کے تناظر میں مطالعہ” ہے۔ تحقیق کا بنیادی مقصد اقوام متحدہ کے پائیدار ترقیاتی اہداف، خصوصاً صنفی مساوات (Gender Equality) کے ہدف کے حصول میں اردو افسانے کے کردار کو اجاگر کرنا ہے۔
تحقیق میں معاصر اردو افسانے کے ذریعے معاشرے میں صنف کی بنیاد پر ہونے والے امتیازی سلوک، اس کے سماجی اثرات اور صنفی مساوات کے فروغ کے امکانات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ہے۔ مقالے میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ ادب، بالخصوص اردو افسانہ، معاشرتی شعور بیدار کرنے اور صنفی انصاف کے فروغ میں مؤثر کردار ادا کر سکتا ہے۔
سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی کے لیے یہ ایک قابلِ فخر اعزاز ہے کہ دورانِ ملازمت سب انسپکٹر محمد فاروق کلیار نے اعلیٰ ترین تعلیمی ڈگری حاصل کی۔ ان کی یہ کامیابی ان کی انتھک محنت، علمی لگن اور استقامت کا منہ بولتا ثبوت ہے، جو پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ تعلیمی میدان میں بھی نمایاں کامیابی حاصل کرنے کی بہترین مثال ہے۔
سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی کے افسران نے ڈاکٹر محمد فاروق کلیار کو پی ایچ ڈی مکمل کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ ان کی یہ کامیابی فورس کے دیگر افسران اور اہلکاروں کے لیے اعلیٰ تعلیم کے حصول کی ترغیب کا باعث بنے گی اور محکمہ پولیس میں علمی و تحقیقی روایت کو مزید فروغ ملے گا۔