عوام کی سہولت اور ٹریفک روانی بہتر بنانے کے لیے اسلام آباد میں دو نئے انڈر پاس تعمیر کیے جائیں گے۔ کشمیر چوک اور فیصل مسجد انڈر پاس منصوبوں پر آئندہ ماہ کام کا آغاز کیا جائے گا

وزیر داخلہ کا اسلام آباد میں تاحال ایمرجنسی 1122 کا باقاعدہ نظام قائم نہ ہونے پر سخت برہمی کا اظہار ،کیپیٹل ایمرجنسی سروسز کو فوری طور پر فعال ادارہ بنانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کی ہدایت

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیرِ صدارت سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں اجلاس، اسلام آباد میں جاری اور نئے ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا

اسلام آباد(رپورٹ:اظہار خان نیازی)
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیرِ صدارت سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں اجلاس میں اسلام آباد میں جاری اور نئے ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ عوام کی سہولت اور ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے لیے اسلام آباد میں دو نئے انڈر پاس تعمیر کیے جائیں گے۔ کشمیر چوک اور فیصل مسجد انڈر پاس منصوبوں پر آئندہ ماہ کام کا آغاز کیا جائے گا۔وزیر داخلہ نے اسلام آباد میں تاحال ایمرجنسی 1122 کا باقاعدہ نظام قائم نہ ہونے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ کیپیٹل ایمرجنسی سروسز کو فوری طور پر فعال ادارہ بنانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ قانونی تقاضے مکمل کر کے کیپیٹل ایمرجنسی سروسز کے چار نئے مراکز پر جلد از جلد کام شروع کیا جائے۔اجلاس میں سی ڈی اے کی مستقل آمدن میں اضافے کے لیے مختلف تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔ وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ مالی خود انحصاری کے حصول کے لیے دیرپا ریونیو ماڈل پر کام کیا جائے کیونکہ ترقیاتی منصوبوں کے ساتھ ادارے کی مالی مضبوطی بھی یکساں اہمیت رکھتی ہے۔ انہوں نے قابلِ عمل ریونیو منصوبوں پر جلد پیش رفت یقینی بنانے کی ہدایت کی۔محسن نقوی نے زور دیا کہ ایکسپریس وے سروس روڈ منصوبہ ہر صورت مقررہ مدت کے مطابق مکمل کیا جائے۔ اجلاس میں اسلام آباد کے مختلف میگا منصوبوں پر پیش رفت اور آئندہ منصوبہ بندی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔