ملک بھر میں یکساں پولیس کریکٹر سرٹیفکیٹ نظام کی اصولی منظوری، پولیس کلیرنس سرٹیفکیٹ مکمل آن لائن ہوگا

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا نیشنل پولیس بیورو کا دورہ، اہم اجلاس کی صدارت، انٹرنیشنل ڈرائیونگ پرمٹ کے لیے بھی یکساں نظام وضع کرنے کی ہدایت

اسلام آباد (اظہار خان نیازی) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نیشنل پولیس بیورو کا دورہ کیا اور ایک اہم اجلاس کی صدارت کی، جس میں یومِ شہدائے پولیس کے موقع پر ملک بھر کے پولیس شہداء کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ اجلاس میں ملک بھر کے لیے یکساں پولیس کریکٹر سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کے نظام کی اصولی منظوری بھی دی گئی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ ملک میں امن کے قیام، جرائم کے خاتمے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پولیس شہداء کی عظیم قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس شہداء ہمارے سروں کے تاج ہیں اور ان کا احسان کبھی نہیں اتارا جا سکتا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت پولیس شہداء کے اہلِ خانہ کے ساتھ کھڑی ہے اور ہمیشہ ان کی ہر ممکن معاونت جاری رکھے گی۔

محسن نقوی نے کہا کہ اب نیشنل پولیس بیورو کے ذریعے پولیس کلیرنس سرٹیفکیٹ جاری کیا جائے گا جبکہ اس کے حصول کے پیچیدہ طریقہ کار کو تیز، آسان اور مکمل طور پر آن لائن بنا دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ شہری اب گھر بیٹھے نیشنل پولیس بیورو کے پورٹل کے ذریعے پولیس کلیرنس سرٹیفکیٹ حاصل کر سکیں گے، جس سے وقت اور وسائل دونوں کی بچت ہوگی۔

وفاقی وزیر داخلہ نے انٹرنیشنل ڈرائیونگ پرمٹ کے اجرا کے لیے بھی ملک بھر میں یکساں نظام وضع کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ پولیس کلیرنس سرٹیفکیٹ اور انٹرنیشنل ڈرائیونگ پرمٹ کے یکساں نظام سے بیرون ملک جانے والے پاکستانی شہریوں کو نمایاں سہولت میسر آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل پولیس بیورو کو فعال، جدید اور متحرک ادارہ بنانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

بعد ازاں وفاقی وزیر داخلہ نے نیشنل پولیس بیورو کی عمارت میں جاری تزئین و آرائش کے کام کا معائنہ بھی کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل نیشنل پولیس بیورو نے ادارے کی کارکردگی، اصلاحاتی اقدامات اور مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں وفاقی وزیر کو تفصیلی بریفنگ دی۔