بدین(نامہ نگار) پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کی خوشیوں کو ماحول دوست اور منفرد انداز میں منانے کے سلسلہ میں فضائی اور آبی ماحول کو آلودگی سے محفوظ بنانے کے لئے سرگرم عمل معروف غیر سرکاری تنظیم ہمدم فاؤنڈیشن نے ضلع بدین کے ساحلی علاقے شیخ کیریو زیرو پوائنٹ پر گزشتہ برسوں کی روایت برقرار رکھتے ہوئے اس سال بھی 50 ہزار ایویسینیا میرینا کے بیج ساحلِ سمندر میں لگا دیے۔ اس شجرکاری مہم کا مقصد وطن کی مٹی کو سرسبز، ساحلی علاقوں کو محفوظ، سمندر کو آلودگی سے بچانا اور آئندہ نسلوں کے لیے ایک بہتر اور صاف ماحول کی بنیاد رکھنا ہے۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈپٹی کمشنر بدین یاسر بھٹی تھے، جبکہ اسسٹنٹ کمشنر راجیش کمار بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر یاسر بھٹی، ہمدم فاؤنڈیشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر شوکت علی سومرو اور دیگر شرکاء نے اپنے ہاتھوں سے مینگروز کے بیج لگا کر شجرکاری مہم میں حصہ لیا۔ بعد ازاں انہوں نے گزشتہ برسوں میں لگائے گئے مینگروز کے جنگلات کا معائنہ کیا اور ہمدم فاؤنڈیشن کی کاوشوں کو سراہا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر یاسر بھٹی نے کہا کہ یومِ آزادی صرف قومی پرچم لہرانے یا تقریبات تک محدود نہیں، بلکہ وطن کی زمین، ساحل اور ماحول کی حفاظت بھی حب الوطنی کا عملی اظہار ہے۔ انہوں نے کہا کہ درخت لگانا صدقہ جاریہ اور ماحول کی بقا کی ضمانت ہے، جبکہ ساحلی علاقوں میں مینگروز کی شجرکاری نہایت مشکل، محنت طلب اور صبر آزما عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمدم فاؤنڈیشن نے بدین کے ساحلی علاقوں میں مینگروز کی افزائش کے لیے جو خدمات انجام دی ہیں، وہ قابلِ تحسین اور دوسروں کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ آغاز ہی سے ہمدم فاؤنڈیشن کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے اور آئندہ بھی ساحلی ماحول کے تحفظ، سمندری کٹاؤ کی روک تھام اور سرسبز پاکستان کے خواب کی تعبیر کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔ اس موقع پر ہمدم فاؤنڈیشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر شوکت علی سومرو نے بتایا کہ ادارہ اب تک ضلع بدین کے ساحلی علاقوں میں ڈھائی لاکھ سے زائد مینگروز کے پودے اور بیج لگا چکا ہے، جن کی کامیابی کی شرح 75 سے 80 فیصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ خوش آئند بات ہے کہ پہلے سے اگائے گئے مینگروز اب لاکھوں نئے بیج پیدا کر رہے ہیں، جس سے ساحلی جنگلات قدرتی طور پر وسعت اختیار کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مینگروز نہ صرف سمندری کٹاؤ کو روکنے، ساحلی حیات کے تحفظ اور ماحولیاتی توازن کو برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں بلکہ فضائی آلودگی اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کم کرنے میں بھی مؤثر ثابت ہوتے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ہمدم فاؤنڈیشن آئندہ بھی وطن کے ساحلوں کو سرسبز، محفوظ اور آلودگی سے پاک بنانے کے لیے اپنی شجرکاری مہم پوری لگن کے ساتھ جاری رکھے گی۔ یومِ آزادی کے موقع پر ساحلِ سمندر پر ہزاروں مینگروز کے بیج لگا کر یہ پیغام دیا گیا کہ سبز پاکستان، محفوظ ساحل اور صاف ماحول ہی مضبوط، خوشحال اور روشن مستقبل کی ضمانت ہیں، اور وطن سے محبت کا بہترین اظہار اس کی زمین، فضا اور قدرتی وسائل کا تحفظ ہے .





