ماجد ستی قتل کیس کا فیصلہ، فرخ کھوکھر سمیت تین مجرموں کو عمر قید، ایک ملزم بری

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج افشا اعجاز صوفی کا فیصلہ، سزا کے بعد تینوں مجرم کمرہ عدالت سے گرفتار، جوڈیشل کمپلیکس میں سخت سیکیورٹی انتظامات

راولپنڈی(اظہار خان نیازی)

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج افشا اعجاز صوفی نے تھانہ صادق آباد میں درج ماجد ستی قتل کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے فرخ کھوکھر سمیت تین مجرموں کو جرم ثابت ہونے پر عمر قید کی سزا سنا دی، جبکہ مقدمے میں نامزد ایک ملزم وسیم کو شک کا فائدہ دیتے ہوئے بری کر دیا۔
عدالت کی جانب سے سزا سنائے جانے کے فوراً بعد فرخ کھوکھر سمیت کمرہ عدالت میں موجود تینوں مجرموں کو گرفتار کر لیا گیا۔ فرخ کھوکھر دورانِ سماعت ضمانت پر تھا، جبکہ دیگر دو مجرموں کو جیل سے عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔
فیصلہ سنائے جانے کے موقع پر مقتول ماجد ستی کے ورثا اور لواحقین کی بڑی تعداد جوڈیشل کمپلیکس میں موجود تھی، جبکہ مجرم فرخ کھوکھر اور دیگر شریک ملزمان کے حامی بھی بڑی تعداد میں وہاں پہنچے۔ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے جوڈیشل کمپلیکس میں سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے تھے۔ مسلح افراد اور گاڑیوں کے عدالتی احاطے میں داخلے پر پابندی عائد رہی، جبکہ عدالت آنے والے تمام افراد کی جامع تلاشی لی گئی۔
عدالت نے مقدمے کی سماعت مکمل ہونے کے بعد فیصلہ سنایا۔ یاد رہے کہ ماجد ستی قتل کا مقدمہ 8 اگست 2022 کو تھانہ صادق آباد میں درج کیا گیا تھا، جس کی سماعت گزشتہ کئی برسوں سے جاری تھی۔