مون سون سیزن واسا مری کا ایمرجنسی ریلیف کیمپ قائم، ہیلپ لائن 1334 فعال

مری (راجہ عثمان علی)مون سون سیزن کے دوران شہریوں کو بروقت سہولیات اور ہنگامی امداد کی فراہمی کے لیے پنجاب واسا مری نے مون سون ایمرجنسی ریلیف کیمپ قائم کر دیا ہے۔ ریلیف کیمپ کا مقصد بارشوں کے دوران نکاسیٔ آب، سیوریج، پانی کی فراہمی اور دیگر ہنگامی مسائل پر فوری کارروائی کو یقینی بنانا ہے تاکہ شہریوں کو کسی بھی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔واسا حکام کے مطابق ریلیف کیمپ میں متعلقہ ٹیمیں چوبیس گھنٹے الرٹ رہیں گی اور بارشوں کے باعث پیدا ہونے والی کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات کریں گی۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ پانی کی لائن، سیوریج، نکاسیٔ آب یا واسا سے متعلق کسی بھی شکایت کی صورت میں فوری طور پر واسا ہیلپ لائن 1334 پر رابطہ کریں تاکہ متعلقہ عملہ بروقت موقع پر پہنچ کر مسئلہ حل کر سکے۔حکام کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت کی ہدایات کے مطابق قائم کیا گیا مون سون ایمرجنسی ریلیف کیمپ عوام کی خدمت، فوری رسپانس اور مؤثر مانیٹرنگ کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ شہریوں کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ مون سون کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور متعلقہ اداروں کے ساتھ تعاون کریں تاکہ بارشوں کے موسم میں ممکنہ مشکلات سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔