اسلام آباد سے ہر طرح کے ٹریڈ لائسنس کے خاتمے پر حکومت کے شکر گزار ہیں۔ اجمل بلوچ
گولڑہ اسٹیشن روڈ کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔ ثناء اللہ کھرل
اسلام آباد(نیوز رپورٹر) انجمن تاجران گولڑہ اسٹیشن روڈ کے نو منتخب عہدیداران کی تقریبِ حلف برداری منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی رکنِ قومی اسمبلی انجم عقیل خان تھے، جبکہ آل پاکستان انجمن تاجران اور ٹریڈرز ایکشن کمیٹی اسلام آباد کے صدر اجمل بلوچ نے نو منتخب عہدیداران سے حلف لیا۔
حلف اٹھانے والوں میں صدر ثناء اللہ کھرل، نائب صدر عاصم مغل، جنرل سیکرٹری ہارون میئو، سینئر نائب صدر فریاد بٹ، جوائنٹ سیکرٹری شعیب سیفی، فنانس سیکرٹری شہزاد مغل، پریس سیکرٹری اکرم بھٹی، سیکرٹری اطلاعات رانا طاہر اور کوآرڈینیٹر ملک ظفر شامل تھے۔
اس موقع پر رکنِ قومی اسمبلی انجم عقیل خان نے نو منتخب عہدیداران کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ چونکہ وہ اس حلقے کے ممبر قومی اسمبلی ہیں، اس لیے تاجر برادری کے مسائل کے حل کے لیے دن رات کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کے دروازے تاجروں کے لیے ہمیشہ کھلے ہیں اور گولڑہ اسٹیشن روڈ کی تعمیر کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرایا جائے گا۔
آل پاکستان انجمن تاجران اور ٹریڈرز ایکشن کمیٹی اسلام آباد کے صدر اجمل بلوچ نے نو منتخب عہدیداران کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ عہدہ لینا آسان، لیکن خدمت کا جذبہ برقرار رکھنا اصل امتحان ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ہر طرح کے ٹریڈ لائسنس کا نظام ختم کر دیا ہے، جس کا نوٹیفکیشن ڈائریکٹر ڈی ایم اے ڈاکٹر انعم فاطمہ نے جاری کیا۔ انہوں نے چیف کمشنر آئی سی ٹی لیفٹیننٹ ریٹائرڈ سہیل اشرف سے اپیل کی کہ اسلام آباد فوڈ اتھارٹی اور ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے پروفیشنل ٹیکس کے خاتمے کا نوٹیفکیشن بھی فوری طور پر جاری کیا جائے تاکہ حکومتی فیصلے پر مکمل عمل درآمد ہو سکے۔
اجمل بلوچ نے مزید کہا کہ ایف بی آر نے تاجر تنظیموں کی مشاورت سے آسان ٹیکس اسکیم متعارف کرائی ہے، جس سے تاجر برادری کو بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر عرفان چوہدری نے اپنے خطاب میں کہا کہ تاجروں کے مسائل کے حل کے لیے باہمی اتحاد ناگزیر ہے۔ انہوں نے تاجروں پر زور دیا کہ وہ اپنی تنظیم اور یونین کے اجتماعی فیصلوں کی بھرپور حمایت کریں۔
تقریب سے ٹریڈرز ایکشن کمیٹی اسلام آباد کے سیکرٹری خالد چوہدری اور اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایگزیکٹو ممبر چوہدری آفتاب گجر نے بھی خطاب کیا اور نو منتخب عہدیداران کو مبارک باد دیتے ہوئے تاجروں کے اتحاد اور مشترکہ جدوجہد کی ضرورت پر زور دیا۔





