سینیٹ سیکرٹریٹ کا جدید آفس کمپلیکس، یوسف رضا گیلانی نے افتتاح کر دیا

نئی تعمیر کے بجائے موجودہ عمارت کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا گیا، توانائی بچت اور بہتر دفتری ماحول کے لیے جدید نظام نصب

اسلام آباد (اظہار خان نیازی) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے پارلیمنٹ ہاؤس میں سینیٹ سیکرٹریٹ کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیے گئے آفس کمپلیکس کا افتتاح کردیا۔ افتتاحی تقریب میں سیکرٹری سینیٹ سید حسنین حیدر، سینیٹ سیکرٹریٹ کے اعلیٰ افسران اور منصوبے پر عملدرآمد سے وابستہ حکام نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ مضبوط جمہوری اداروں کے لیے جدید نظام، مؤثر بنیادی ڈھانچہ اور پیشہ ورانہ ماحول ناگزیر ہیں۔ سینیٹ سیکرٹریٹ کی جدید کاری وسیع تر اصلاحاتی ایجنڈے کا حصہ ہے، جس کا مقصد ادارہ جاتی کارکردگی بڑھانے، خدمات کی فراہمی بہتر بنانے اور سیکرٹریٹ کو پارلیمنٹ کی آئینی ذمہ داریوں کی ادائیگی میں مؤثر معاونت کے لیے ضروری سہولیات اور صلاحیت سے لیس کرنا ہے۔

سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ منصوبہ جدت، پائیداری اور عوامی وسائل کے محتاط و دانشمندانہ استعمال کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ نئی تعمیرات کے بجائے موجودہ بنیادی ڈھانچے کو مؤثر منصوبہ بندی کے ذریعے جدید بنایا گیا، جس سے دفاتر کی فعالیت، کام کی جگہوں کے انتظام اور مجموعی ادارہ جاتی استعداد کار میں بہتری آئی ہے۔

منصوبے کے تحت تزئین و آرائش کیے گئے آفس کمپلیکس میں جدید ویری ایبل ریفریجرنٹ فلو (وی آر ایف) ایئر کنڈیشننگ نظام نصب کیا گیا ہے، جس میں تازہ ہوا کی فراہمی کی سہولت بھی موجود ہے۔ جدید نظام توانائی کی بچت، درجہ حرارت کے بہتر کنٹرول اور اندرونی ہوا کے معیار کو بہتر بنانے میں معاون ہوگا، جس سے افسران اور عملے کو زیادہ آرام دہ اور صحت مند ماحول میسر آئے گا۔

دفتری لے آؤٹ کو بھی ازسرنو بہتر بنایا گیا ہے، جس کے نتیجے میں عمارت کے مجموعی رقبے میں اضافہ کیے بغیر اضافی اور بہتر دفتری جگہ پیدا کی گئی ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے منصوبہ انتظامیہ، انجینئرز، ماہرین تعمیرات، مشیران اور سی ڈی اے کے عملے سمیت منصوبے کی تکمیل میں کردار ادا کرنے والے تمام افراد کی پیشہ ورانہ مہارت اور محنت کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمانی اداروں کی جدید کاری مؤثر، جوابدہ اور شفاف طرز حکمرانی کے لیے ناگزیر ہے۔ جدید سہولیات سینیٹ سیکرٹریٹ کی انتظامی استعداد مزید مضبوط بنانے، تنظیمی کارکردگی بڑھانے اور افسران و اہلکاروں کو پارلیمنٹ اور اس کی قائمہ کمیٹیوں کو زیادہ مؤثر معاونت فراہم کرنے کے قابل بنانے میں اہم کردار ادا کریں گی۔

سید یوسف رضا گیلانی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ادارہ جاتی ترقی، جدید کاری اور پائیدار اصلاحات کا عمل جاری رکھا جائے گا تاکہ پارلیمانی طرز حکمرانی کو مزید مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ عوامی وسائل کا مؤثر اور دانشمندانہ استعمال یقینی بنایا جا سکے۔