





8 غیر قانونی رہائشی عمارتیں، 2 کمرشل عمارتیں اور جے 7 آئیکون ملٹی سٹوری عمارت سیل
راولپنڈی(نیوز رپورٹر) راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے مجاز اتھارٹی کی ہدایات پر غیر قانونی تعمیرات، غیر مجاز ترقیاتی سرگرمیوں اور بلڈنگ قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف جاری کارروائیوں کے تسلسل میں دی ایونیو ون اور ممتاز سٹی ہاؤسنگ سکیموں میں بھرپور انفورسمنٹ آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران آر ڈی اے انفورسمنٹ اسکواڈ نے پنجاب ڈویلپمنٹ آف سٹیز ایکٹ 1976، آر ڈی اے بلڈنگ اینڈ زوننگ ریگولیشنز اور دیگر متعلقہ قوانین کے تحت غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی عمل میں لائی۔ کارروائی کے دوران 8 غیر قانونی رہائشی عمارتوں، 2 غیر قانونی کمرشل عمارتوں اور جے 7 آئیکون (J7- Icon) ملٹی سٹوری عمارت کو سیل کر دیا گیا۔ یہ آپریشن ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ محمد داؤد کی نگرانی میں کیا گیا، جبکہ ان کے ہمراہ بلڈنگ انسپکٹر شفیق الرحمن اور آر ڈی اے انفورسمنٹ سکواڈ کے اہلکار موجود تھے۔ ترجمان آر ڈی اے نے کہا کہ غیر قانونی تعمیرات کے خاتمے، منصوبہ بند شہری ترقی کے فروغ اور شہریوں، جائیداد مالکان اور سرمایہ کاروں کے مفادات کے تحفظ کے لیے اس نوعیت کی کارروائیاں بنیادوں پر جاری ہیں۔ آر ڈی اے اس امر کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے کہ تمام تعمیراتی اور ترقیاتی سرگرمیاں منظور شدہ نقشہ جات اور نافذالعمل قوانین کے مطابق انجام دی جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آر ڈی اے پنجاب ڈویلپمنٹ آف سٹیز ایکٹ 1976 اور آر ڈی اے بلڈنگ اینڈ زوننگ ریگولیشنز پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنا رہا ہے۔ کسی بھی قسم کی غیر قانونی تعمیر یا غیر مجاز ڈویلپمنٹ ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی، جبکہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔ ترجمان نے عوام الناس سے اپیل کی کہ کسی بھی ہاؤسنگ سکیم یا تعمیراتی منصوبے میں سرمایہ کاری سے قبل اس کی قانونی حیثیت اور آر ڈی اے سے منظور شدہ ہونے کی تصدیق ضرور کریں۔ شہریوں سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ وہ غیر قانونی تعمیرات اور غیر مجاز ترقیاتی سرگرمیوں کی اطلاع فوری طور پر آر ڈی اے کو دیں تاکہ قانون کے مطابق بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔۔۔۔۔۔۔۔





