ریلوے پولیس ٹریننگ اسکول والٹن میں پاسنگ آؤٹ پریڈ، 875 افسران و جوان فورس کا حصہ بن گئے

وفاقی وزیر حنیف عباسی کی تقریب میں شرکت، ریلوے پولیس کے مطالبات پورے کرنے کی یقین دہانی، 10 ارب روپے مالیت کی ریلوے اراضی واگزار کرانے کے ہدف پر پیش رفت

لاہور(بیورو رپورٹ)ریلوے پولیس ٹریننگ اسکول والٹن میں 69ویں ریکروٹ کورس اور دوسرے سب انسپکٹر (لیگل) کورس کی پروقار پاسنگ آؤٹ پریڈ منعقد ہوئی، جس کے بعد 875 تربیت یافتہ افسران و جوان، جن میں 87 خواتین بھی شامل ہیں، پاکستان ریلویز پولیس کا باقاعدہ حصہ بن گئے۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی وفاقی وزیر برائے ریلوے محمد حنیف عباسی تھے، جبکہ انسپکٹر جنرل پاکستان ریلویز پولیس محمد وصال فخر سلطان، پاکستان ریلوے اور پولیس کے اعلیٰ حکام، تربیتی عملہ، والدین اور میڈیا نمائندگان نے بھی شرکت کی۔
وفاقی وزیر محمد حنیف عباسی نے پاس آؤٹ ہونے والے اہلکاروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اب ان کے کندھوں پر ریلوے کے قومی اثاثوں، لاکھوں مسافروں اور ریلوے تنصیبات کے تحفظ کی اہم ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر اہلکار کو دیانت داری، بہادری، نظم و ضبط اور عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ فرائض انجام دینا ہوں گے تاکہ عوام کا اعتماد مزید مستحکم ہو۔ انہوں نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ آئی جی ریلویز پولیس محمد وصال فخر سلطان کی قیادت میں فورس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور عوامی خدمت کے معیار میں مزید بہتری آئے گی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ریلوے پولیس امن و امان کے قیام، بغیر ٹکٹ سفر کی روک تھام، مسافروں کی معاونت اور ریلوے املاک کے تحفظ میں مؤثر کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے اس موقع پر آئی جی ریلویز پولیس کی جانب سے پیش کیے گئے مطالبات فوری طور پر پورے کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ریلوے پولیس کے بغیر نہ ریلوے املاک اور نہ ہی مسافروں کی مؤثر حفاظت ممکن ہے، جبکہ اس فورس کی قربانیاں قابلِ قدر ہیں۔
انسپکٹر جنرل پاکستان ریلویز پولیس محمد وصال فخر سلطان نے اپنے خطاب میں وفاقی وزیر کے اصلاحاتی وژن کو سراہتے ہوئے کہا کہ ریلوے پولیس مسافروں، خصوصاً خواتین، بچوں، بزرگوں اور خصوصی افراد کو محفوظ اور باعزت سفری ماحول فراہم کرنے کے لیے بھرپور خدمات انجام دے رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وفاقی وزیر کے وژن کے مطابق رواں سال 10 ارب روپے مالیت کی ریلوے اراضی واگزار کرانے کا ہدف مقرر کیا گیا تھا، جس میں سے اب تک تقریباً 7 ارب روپے مالیت کی اراضی واگزار کرائی جا چکی ہے، جس سے مستقبل میں ریلوے کی آمدن میں اضافہ ہوگا۔
آئی جی ریلویز پولیس نے نئے اہلکاروں پر زور دیا کہ وہ قانون کی بالادستی، ایمانداری، خوش اخلاقی اور پیشہ ورانہ مہارت کو اپنا شعار بنائیں، ہر مسافر کے ساتھ احترام سے پیش آئیں اور بدعنوانی، سفارش اور اختیارات کے ناجائز استعمال سے ہمیشہ گریز کریں۔
انہوں نے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے زخمی اہلکاروں کی خدمات کو بھی سراہا اور وفاقی وزیر کے سامنے ریلوے پولیس کے فلاحی و انتظامی امور سے متعلق مختلف مطالبات پیش کیے، جن میں تنخواہوں اور الاؤنسز میں بہتری، ٹریننگ اسکول میں رہائشی سہولیات، میس، لیڈیز ہاسٹل، ایڈمن بلاک کی تعمیر اور 1,795 خالی آسامیوں پر نئی بھرتیوں کی منظوری شامل تھی۔
تقریب کے اختتام پر وفاقی وزیر محمد حنیف عباسی نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران و جوانوں میں تعریفی اسناد تقسیم کیں، تمام پاس آؤٹ ہونے والے کانسٹیبلز اور سب انسپکٹر (لیگل) افسران کو مبارکباد دی، ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت پاکستان ریلوے اور ریلوے پولیس کی استعداد کار میں مزید اضافے کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔