فوجی فرٹیلائزر کمپنی (ایف ایف سی) داودخیل میں 20 ہزار پودے لگانے کی شجرکاری مہم کا آغاز کر دیا گیا

فوجی فرٹیلائزر کمپنی (ایف ایف سی) داودخیل میں 20 ہزار پودے لگانے کی شجرکاری مہم کا آغاز کر دیا گیا  شجرکاری مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر پروڈکشن ایف ایف سی عامر فیاض گھمن نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی، موسمیاتی تبدیلیوں اور بڑھتے ہوئے درجہ حرارت جیسے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے شجرکاری ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ آنے والی نسلوں کو صاف، سرسبز اور صحت مند ماحول فراہم کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال نسبتاً کم عمر پودے لگائے گئے تھے، جبکہ اس سال ایک سال عمر کے صحت مند اور مضبوط پودے لگائے جا رہے ہیں تاکہ ان کی بہتر نشوونما یقینی بنائی جا سکے اور شجرکاری مہم کے بہتر نتائج حاصل ہوں۔ انہوں نے کہا کہ فوجی فرٹیلائزر کمپنی داودخیل میں رواں سال 20 ہزار پودے لگائے جائیں گے، جو ماحول کو بہتر بنانے اور سبزے میں اضافے کے لیے ایک اہم قدم ہے۔
عامر فیاض گھمن نے کہا کہ درخت قدرت کا انمول تحفہ ہیں، جو فضائی آلودگی میں کمی، ماحول کو خوشگوار بنانے اور انسانی صحت کے تحفظ میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے والدین، اساتذہ اور نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ شجرکاری کو قومی فریضہ سمجھتے ہوئے زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں اور ان کی حفاظت کو بھی یقینی بنائیں۔
اس موقع پر جنرل منیجر پلانٹ نعمان وحید اور عامرفیض گھمن  نے پودا لگا کر شجرکاری مہم کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ تقریب میں اے جی ایل کالج، بوائز ہائی سکول، گرلز ہائی سکول اور ماڈل سکول کے طلبہ و طالبات نے بھرپور شرکت کی۔ طلبہ نے شجرکاری، ماحولیاتی تحفظ اور درختوں کی اہمیت کے حوالے سے تقاریر اور آگاہی پیغامات پیش کیے، جنہیں شرکاء نے سراہا۔
تقریب کے اختتام پر شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ زیادہ سے زیادہ درخت لگا کر اور ان کی حفاظت کو یقینی بنا کر ایک سرسبز، صاف ستھرے اور ماحول دوست پاکستان کی تعمیر میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا جائے گا۔